ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / زخمی ہونے کے بعد شیرنی اور بھی خطرناک ہوجاتی ہے ،حادثے کے 3دن بعد ممتا بنرجی کا وہیل چیئرپر5کیلومیٹر لمبا روڈ شو،بی جے پی حملہ تیز

زخمی ہونے کے بعد شیرنی اور بھی خطرناک ہوجاتی ہے ،حادثے کے 3دن بعد ممتا بنرجی کا وہیل چیئرپر5کیلومیٹر لمبا روڈ شو،بی جے پی حملہ تیز

Mon, 15 Mar 2021 11:19:14    S.O. News Service

کولکاتہ ،15؍مارچ (ایس او نیوز۳ایجنسی) ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کے سہ پہر کو وہیل چیئر پر 5 کلومیٹر لمبا روڈ شو کیا-

انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور حامیوں کے ساتھ جنوبی کولکاتہ کے میو روڈ پر واقع گاندھی مجسمے سے اپنے اس روڈ شو کا آغاز کیا- 1 گھنٹے کے روڈ شو کے بعد ممتا نے دوسری جگہ بھی ریلی کی -انہوں نے کہا کہ مجھے روکنے کی ناکام کوششیں کی گئیں، لیکن میں پوری ریاست میں وہیل چیئر پرسے ہی ٹی ایم سی کیلئے انتخابی مہم میں حصہ لوں گی - میں نے اپنی زندگی میں بہت سے حملوں کا سامنا کیا ہے، لیکن کبھی کسی کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے،میں کبھی سر نہیں جھکاؤں گی- اپنی چوٹ کے بارے میں ممتا نے کہا کہ ایک زخمی شیر زیادہ خطرناک ہے-

خیال رہے کہ10 مارچ کو نندی گرام میں انتخابی مہم کے دوران بائیں ٹانگ، سر اور سینے پر چوٹ آئی تھی- ممتا بنرجی نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے انہیں آ رام کا مشورہ دیا تھا کہ مجھے آج انتخابی مہم میں نہیں جانا چاہئے، لیکن مجھے لگا کہ یہ ریلی ہونی چاہئے- خیال رہے کہ ممتا اتوار کی شام درگاپور روانہ ہوں گی- وہ پیر کو 2 جلسے کریں گی- ٹی ایم سی کارکنوں نے ریلی کے دوران نیا نعرہ لگایا:’بھنگ پائے کھیلا ہوبے‘ (ٹوٹی ہوئی ٹانگ سے کھیلوں گا)- روڈ شو سے پہلے ممتا نے سوشیل میڈیا پر لکھا تھا کہ ہم اپنی لڑائی بلا خوف جاری رکھیں گے - مجھے تکلیف ہے، لیکن مجھے لوگوں کی تکلیف زیادہ محسوس ہورہی ہے- ہم نے اپنی اس زمین کی جنگ میں بہت تکلیفیں جھیلی ہیں، بہت ہی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا، لیکن ہم پھر بھی لڑیں گے-چوٹ لگنے کے بعد ان کا یہ پہلا انتخابی شو ہے-

ادھر ٹی ایم سی نے اپنے انتخابی منشور کے اعلان کو ایک بار پھر مؤخر کردیا ہے- اگلی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا-خیال رہے کہ ممتا بنرجی کی ریلی کیلئے اسٹیج پر خصوصی ریمپ بنائے گئے ہیں، تاکہ وہیل چیئر کے ذریعہ انہیں آسانی سے اسٹیج پر لایا جاسکے-ذرائع کے مطابق ممتا 15 مارچ سے مسلسل انتخابی جلسوں میں حصہ لیں گی- وہ 15 مارچ کو پورولیا، 16 مارچ کو بنکورہ اور 17 مارچ کو جھارگرام میں انتخابی ریلی سے خطاب کریں گی-


Share: